Ticker

6/recent/ticker-posts

مجھ سے انتقام لینے کیلئے پاکستان کا بھٹہ بٹھا دیا، نواز شریف


 سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان سے انتقام لینے کے لیے پاکستان کا بھٹہ بٹھادیا گیا۔

لندن میں ہفتہ 8 اکتوبر کو میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں میاں نوازشریف نے کہا کہ مجھے تاحیات نااہلی سپریم کورٹ سے ہوئی اور اب کہا جا رہا ہے کہ یہ کالا قانون ہے اور ظلم ہے۔ تو پھر اس کا ازالہ کون کرے گا؟

مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے اسیری میں خود پر بیتے مظالم بھی بتا دیے۔ کہتے ہیں کہ جیل حکام سے منتیں کرتا رہا کہ بیمار بیگم سے بات کرا دیں لیکن نہیں کرائی گئی۔ والدہ کے انتقال کی خبر مریم نواز کو دی تو وہ سکتے میں آگئیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری والدہ مجھ سے خصوصی پیار کرتی تھیں، پنڈی جیل میں ہفتے میں ایک مرتبہ آکر ملتیں تو کہتیں میں نے تمہارے بغیر واپس نہیں جانا لیکن ان کو تسلی دیتا کہ ایسا نہیں ہو سکتا تو کہتیں پھر مجھے بھی ادھر ہی رکھ لو۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ہمیشہ گلہ رہا کہ امی جان مجھ سے زیادہ پیار کرتی ہیں، جب والدہ نے جان دی تو میرے ہاتھوں میں تھیں، میں سرہانے بیٹھا ہوا تھا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اپنی غیرت ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ طشتری میں رکھ کر 5 ارب ڈالر پیش کئے جارہے تھے مگر ہم نے “ ایبسولوٹلی ناٹ “ کہہ دیا۔ نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا بڑا شکر ہے کہ آج مریم میرے ساتھ بیٹھی ہیں، ایک بہادر بیٹی کی طرح انہوں نے باپ کا ساتھ دیا، مجھے مریم پر فخر ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ سازش کرنے والا خود سب سے بڑا سازشی نکلا اب اس کی اپنی حرکتیں قوم کے سامنے عیاں ہورہی ہیں۔ قائد ن لیگ چئیرمین تحریک پر برس پڑے کہا ہر چیز پر یوٹرن، ترقی کرتے پاکستان کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا عمران خان نے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کیا، ملک کو عالمی طور پر تنہا کیا، عمران خان نے ہمسایوں اور دیگر ممالک سے تعلقات کو خراب کیا۔

Post a Comment

0 Comments