Ticker

6/recent/ticker-posts

کراچی میں ڈینگی وبائی صورت اختیار کرگیا، اموات کا سلسلہ بڑھنے لگا ہے اور رواں برس شہر میں یہ وائرس 26 جانیں لے چکا ہے

کراچی میں بڑھتے ہوئے ڈینگی بخار کے مریضوں اور اسپتالوں میں کم ہوتی جگہ کے سبب اسپتاوں میں بستر بڑھا دیے گئے، کراچی اور حیدرآباد میں 5 سال سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے لیے کورونا ویکسینیشن مہم کا افتتاح وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو، امریکا کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر اور قائم مقام قونصلر جنرل نے کیا۔ کورونا ویکسینیشن کا پہلا مرحلہ 24 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں کراچی اور حیدرآباد میں 5 سال سے 11 سال عمر کے 24 لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ وزیر صحت سندھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس سندھ میں ڈینگی سے اب تک 27 اموات ہو چکی ہیں، جن میں سے 26 اموات کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہوئی ہے۔ عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ملیریا کے کیسز بہت زیادہ ہوچکے ہیں، اسی طرح کراچی میں ڈینگی وائرس پھیل رہا ہے، محکمہ صحت سندھ کی 17 ستمبر کی رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں ڈینگی وائرس کے 5 ہزار 589 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہے ڈینگی سے ہونے والی تمام اموات کراچی سے رپورت ہوئی ہیں۔ صرف کراچی میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 25 ہے۔ تاہم پیر کو کراچی ای پی آئی سینٹر میں ہونے والی تقریب میں سماء ڈیجیٹل کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر صحت سندھ کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں ڈینگی سے اب تک 27 اموات ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد کراچی میں ڈینگی وائرس کے لیے مخصوص بستروں کی تعداد 329 کردی گئی ہے۔ عذرا پیچوہو نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں 24 لاکھ بچوں کوکورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی، اسکول جانے والے بچے ہمارا ہدف ہیں، انہیں زیادہ سے زیادہ ویکسینیٹ کرنا چاہتے ہیں تاکہ کوویڈ نہ پھیلے، انہوں نے کہا کہ والدین کی طرف سے کچھ تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اس لیے پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسیا یشن کو کوپارٹنر بنایا ہے جو کلینک آنے والے والدین کو آگاہی دے رہے ہیں، اسکولز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ بچوں کو بڑوں کے مقابلے میں دی جانے والی ویکسین کی ڈوز کی مقدار کم ہوتی ہے، اس لیے انسولین والی سرنجز استعمال ہونگی، بچوں کو وہی فائزر ویکسین لگائی جائے گی تو بڑوں کو لگائی گئی ہے ۔ امریکا کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان 75 سال کی دوستی ہے، سندھ اور بلوچستان کی سیلابی صورتحال پر دکھ ہے، 53.1 ملین ڈالر کا ایمرجنسی فنڈز پاکستان کو فراہم کیا ہے، یو ایس ایڈ کے ساتھ محکمہ صحت کام کررہا یے، اینڈریو شوفر نے کہا کہ کورونا کے دوران امریکہ نے 52 وینٹی لیٹر فراہم کیے، بیماریوں کی تعداد جانچنے کے لئے سرویلینس سسٹم بناکر دیا جس کے نتیجے میں 34 مختلف بیماریوں کی مانیٹرنگ کی جاسکے گی، اب تک 7.6 ملین کوکورونا کی خوراکیں فراہم کی گئی ہیں، ای پی آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشاد احمد میمن نے کہا کہ سندھ میں 12 سال سے زائد عمر کی 35 ملین آبادی مکمل ویکسینیٹڈ ہیں، 6 ملین آبادی ویکسینیٹڈ نہیں ہے جس میں 5 سال سے 11 سال کی عمر کے بچے شامل ہیں، کورونا سے سندھ میں 12ہزار 491 بچے کرونا سے متاثر ہوئے جن کی عمریں پانچ سے 11 سال تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کرونا سے اب تک 64 بچے انتقال کرچکے ہیں جن کی عمریں 5 سال سے 11 سال تھیں۔ اس طرح بچوں میں کرونا مثبت کیسزکی شرح 7 فیصد بنتی ہے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر عبدالحمید جمانی نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ اب تک اب تک 294 کوویڈ بیڈز کو ڈینگی بیڈز میں تبدیل کردیا گیا ہے، اب بھی کچھ سرکاری اسپتال باقی ہیں ، پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ ڈینگی بیڈز کی تعداد میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے عباسی شہید اسپتال، گذدرآباد اسپتال، سرفراز رفیقی شہید اسپتال اور لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں بھی کورونا وارڈز کو ڈینگی وارڈز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کورونا کے دوران جس طرح ڈیش بورڈ بنایا گیا تھا اسی طرح ڈینگی وائرس کے بڑھتے کیسز اور اسپتالوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈیش بورڈ بنایا جائے۔

Post a Comment

0 Comments