Ticker

6/recent/ticker-posts

عمران خان کی ہمشیرہ نے 5 ہزار کنال سے زیادہ زمین اونے پونے داموں خرید لی


 چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن اور ان کے شوہر نے 70 کروڑ سے زائد مالیت کی 5 ہزار کنال سے زیادہ زمین اونے پونے خرید لی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن عظمیٰ خان اور ان کے شوہر کی جانب سے لیہ کی تحصیل چوبارہ کے علاقے نواں کوٹ میں 70کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 5261 کنال زمین اونے پونے داموں خریداری کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زمین گزشتہ سال 8 مختلف کھاتے داروں سے خریدی گئی، 24 ہزار فی کنال پر خریدی گئی زمین میں سے 1500 کنال عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان اور1561 کنال ان کے شوہر احد مجید خان ولد اللہ داد خان کے نام منتقل ہوئی۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ3061 کنال زمین کی مارکیٹ ویلیو 50 کروڑ سے زائد ہے جس کے صرف 7 کروڑ 62 لاکھ اداکیے گئے ہیں، اس زمین پر جون 2022 میں 22 لاکھ ٹیکس ادا کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسی علاقے میں 2200 کنال مزید زمین محمد اشرف سے ساڑھے 5 کروڑ روپے کے عوض خریدی گئی، جس پر 11 لاکھ ٹیکس ادا کیا گیا۔

علاقے سے گریٹر تھل نہر گزارنے کا منصوبہ منظور ہو چکا ہے، اور نہر گزرنے کے بعد زمین کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے گریٹر تھل نہر کی بھرپور حمایت اور مدد کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد سابق وزیر اعظم کی بہن اور بہنوئی کی جانب سے زمین کی خریداری عمل میں لائی گئی۔

رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ اس متعلقہ زمین پر قبضہ موجود نہیں ہے، نہ اصل مالکان آگاہ ہیں، لیکن کھاتوں میں سب کچھ بک گیا ہے، اور تحریک انصاف کی مقامی رہنما کا انتظامیہ کی مدد سے زبردستی قبضے حاصل کرنے کے لیے مقامی افراد پر دباﺅ کا الزام ہے۔

سماء انوسٹی گیشن یونٹ کو پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق مذکورہ زمین 8 کھاتے داروں سے 24 سے 29 ہزار فی کنال پر خرید ی گئی، جس میں 1500 کنال عظمیٰ خان اور 1561 کنال اُن کے شوہر احد مجید کو شوہر کو ستمبر 2021 میں منتقل ہوئی۔

انتقال اصل مالکوں سے ممکن نہ ہونے کے باعث 500 کنال زمین کی زبردستی واگزری کرائی گئی۔ مسعود یٰسین کی جانب سے 200 کنال زمین منتقل کی گئی، عمر حیات نے 200 کنال زمین منتقل کی، محمد الیاس نے 1200 کنال زمین فروخت کی ، محمد رفیق نے 450کنال زمین منتقل کی، عزیز قاضی نے 160کنال زمین منتقل کی، حسنین مگسی نے351 کنال زمین فروخت کی، جب کہ غلام حبیب نے 350 کنال زمین فروخت کی۔

گریٹر تھل نہر کے منصوبے کے لیے سرکاری اراضی کی فراہمی کے علاوہ نجی اراضی کی حصول کے عمل بھی جاری ہے۔ گریٹر تھل منصوبے سے متاثر ہونے والے 10186افراد میں سے 5660 متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے جب کہ 4526متاثرین کو ادائیگی کی جانا ابھی باقی ہے۔

سماء ٹی وی کو ضلعی انتظامیہ کے حکام نے زمین کی خریداری اور قبضے کی تصدیق کی ہے۔ سماءٹی وی کی احد مجید خان سے بھی بات ہوئی ہے لیکن انہوں نے تفصیلات دینے سے انکار کر دیا۔

Post a Comment

0 Comments