Ticker

6/recent/ticker-posts

پاک فوج کا ہیلی کاپٹر ہرنائی میں گرکر تباہ ہوگیا، جس میں سوار 6 افراد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں گر کر تباہ ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے میں 2 پائلٹ سمیت 6 افراد شہید ہوگئے، ہیلی کاپٹر گزشتہ رات خوست کے قریب فلائنگ مشن پر تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں شہید ہونے والوں میں پائلٹ میجر منیب افضل اور پائلٹ میجر خرم شہزاد کے علاوہ نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی عمران اور سپاہی شعیب بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اٹک کے رہائشی 39 سالہ میجر خرم شہزاد کی ایک بیٹی ہے۔ میجر منیب افضل کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور انہوں نے بیوہ اور 2 بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں، جب کہ صوبیدار عبدالواحد کے پسماندگان میں بیوہ،3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خانیوال کے 27 سالہ سپاہی عمران نے پسماندگان میں 2 بیٹیاں اور 1 بیٹا چھوڑا۔ 30 سالہ نائیک جلیل کا تعلق کھاریاں گجرات سے تھا، اور ان کے پسماندگان میں 2 بیٹے ہیں۔ 35 سالہ سپاہی شعیب تحصیل جنڈ اٹک کے رہائشی اور ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا ہے۔

وزیراعظم کا شہادتوں پر افسوس کا اظہار

وزیراعظم شہبازشریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں افسران اور جوانوں کی شہادت پراظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مادروطن کےتحفظ، سلامتی اور دفاع کیلئے افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے یہ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اوراہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا بیان

ہرنائی ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے شہداء کے بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وطن کی حفاظت میں جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔

 

Post a Comment

0 Comments