Ticker

6/recent/ticker-posts

روس کا طیارہ سیلاب زدگان کیلئے امداد لیکرکراچی پہنچ گیا

روس کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے 2 کروڑ روبل سے زائد مالیت کی امداد بھیجی گئی ہے، امداد روس کی سول ڈیفنس اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنےکی وزارت نے بھیجی ہے۔ روس سے پاکستان بھیجی گئی امداد میں 5 میٹرک ٹن چاول، 5 میٹرک ٹن سورج مکھی کا تیل شامل، ڈبوں میں پیک دودھ اورگوشت شامل ہیں۔ روس سے بھیجی گئی امداد میں پانی صاف کرنےکے فلٹر اور خیمے بھی شامل ہیں۔ سیلاب زدگان کو درپیش خیموں کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے دس افراد پر مشتمل فیملی کے لیے 30 اور 30 افراد پر مشتمل گھرانے کے لیے بھی 30 بڑے خیمے بھیجے گئے ہیں، سردیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی 10 بڑے ٹینٹ اس امدادی سامان کا حصہ ہیں۔ کراچی میں روسی قونصل جنرل آندرے وکتورووچ نے امداد پاکستانی حکام کے حوالےکی، اس موقع پر روس کے قونصل دیمتری سمیت دیگر حکام بھی کراچی ائیرپورٹ پرموجود تھے، حکام کا کہنا تھا کہ امدادی سامان بالکل مفت ہے اور اسے کمرشل مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا، امدادی سامان کی مالیت محض کسٹم کی وجہ سے ظاہر کی گئی ہے۔ خیال رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی پچھلے ہی ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پرسمرقند میں ملاقات ہوئی تھی جس میں روس کے صدر نے سیلاب سے تباہی پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور ساتھ ہی پاکستان کو بذریعہ پائپ لائن گیس فراہم کرنے کی پیش کش کی تھی۔

Post a Comment

0 Comments