یورپی یونین نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے یورپی کمشنر برائےکرائسز منیجمنٹ جینز لینارچ نے ملاقات کی، ملاقات میں جینز لینارچ نے پاکستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 6 ارب 70 کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا۔
جینز لینارچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگ سیلاب کی ہنگامی صورت حال کے تباہ کن نتائج بھگت رہے ہیں، ہم ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے خاندان کے افراد، دوستوں اور اپنے گھروں کو کھو دیا، بہت سے لوگوں کا ذریعہ معاش ختم ہو چکا ہے۔
یورپی کمشنر کا کہنا تھا کہ نئی فنڈنگ کے ساتھ،یورپی یونین پاکستان کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتی ہے، بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں ان کی مدد کے لیے سب سے زیادہ کمزوروں کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ پاکستان مشترکہ اقدار ، امن اور خوشحالی و ترقی کے مقاصد پر مبنی یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں حصہ دار نہ ہونے کے باوجود ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، امید ہے کہ عالمی برادری بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں مؤثر شرکت کے ذریعے سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال کے منفی اثرات سے نمٹنےکی کوششیں تیز کرے گی۔
0 Comments