اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کل قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے، یہ الیکشن صاف اور شفاف ہوئے جس پر الیکشن کمیشن سب سے زیادہ مبارک باد کا مستحق ہے، انہیں بھی الیکشن کمیشن نے بہت ذمہ داری سے مینج کیا، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ کل کے الیکشن میں کسی قسم کی جانب داری سے کام لیا گیا۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان نیازی شروع سے جو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف زہریلا اور ہتک آمیز گھٹیا پروپیگنڈا کرنے میں مصروف رہتے ہیں، ان کو دوسری بات ان کے جھوٹے ہونے کا ثبوت ملا ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کو بہت واضع پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے کل ملا کر 5 لاکھ 47 ہزار اور پی ڈی ایم نے 4 لاکھ 75 ہزار ووٹ لیے، عمران خان اگر تم یہ چاہتے ہو کہ ہم 5 لاکھ 47 ہزار ووٹرز کے فیصلے کو مانیںتو تمہیں 4 لاکھ 75 ہزار ووٹرز کی رائے کا بھی احترام کرنا ہوگا۔
رانا ثنا نے کہا کہ جو ووٹ ن لیگ کو پڑا وہ بھی پاکستان کے شہریوں نے ہی ڈالا، اگر تمہاری نظر میں وہ سب چور ہیں تو ہماری نظر میں تم بھی ڈاکو ہو، جمہوریت یہ ہی ہے کہ ووٹ کو عزت دی جائے، ووٹ کو عزت دینے سے مراد ہے کہ ووٹ کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے تبدیل نہ کیا جائے، اپنے حق میں پڑنے والے ووٹ کو آپ تسلیم اور مخالف کو رد کریں یہ جمہوری رویہ نہیں یے۔
انہوں ںے کہا کہ ہم نے جمہوریت کے لیے پوری زندگی جیلیں کاٹی ییں، میرے پاس اعداد و شمار ہیں کہ ن لیگ نے پہلے سے زائد ووٹ حاصل کیے، شرقپور میں ن لیگ کے ووٹ 31 ہزار سے بڑھ کر 40 ہزار تک گئے، اگر آپ کے ووٹوں میں اضافہ ہوا تو ہمارے بھی ووٹ بڑھے ہیں، آپ کو چونکہ اپنی عزت کا خیال نہیں ہے اس لیے آپ نے اپنے کارکنان کو بھی کہا ہے کہ مخالف امیدوار کو گالیاں دو۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ جنرل الیکشن میں آپ کو کسی صوبائی حکومت کی حمایت حاصل نہیں ہوگی، آپ کو دس سے بارہ ہزار ووٹ تو ہر حلقے میں بجلی کے بلوں کی وجہ سے پڑے، ہمارے مشکل فیصلوں کی وجہ سے مہنگائی ہوئی اور بجلی کی قیمت بڑھی، مشکل فیصلے دل پر پتھر رکھ کر لیے جو کہ پاکستان کے لیے ضروری تھے، مہنگائی کو بھی اب نیچے لائیں گے اور بجلی کی قیمت بھی کم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن جیتنے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کو غیرآئینی طریقے سے ہٹایا جائے، ضمنی الیکشن جیت کر عمران خان کو غیر آئینی کام کا لائسنس نہیں مل گیا۔
0 Comments