Ticker

6/recent/ticker-posts

جو بھی قانون توڑے گا اس کو گرفتار کیا جائے گا، شاہد خاقان عباسی


 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کوئی شخص قانون توڑے گا تو گرفتاری ہوگی، عمران خان نے جرم کیا ہے تو بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔

سماء کے پروگرام میرے سوال میں میزبان منصور علی خان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وہ کام کیے ہیں جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، آڈیولیکس میں جوباتیں سامنے آئیں وہ سب کیلئے باعث شرم ہیں۔

انہوں نے کہا عمران خان نے بغیر کسے الزام کے لوگوں کو گرفتار کیا، چار وزرائے اعظم کو بغیر کسی الزام کے جیلوں میں ڈالا گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آڈیو لیکس تشویش کی بات ہے، وزیراعظم کا دفتر محفوظ نہیں تو کونسی رازداری رہ گئی؟۔

آرمی چیف کی تقرری کیلئے عمران خان سے مشاورت یا اعتماد میں لینے کے سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا اختیار وزیراعظم کا ہے جو آئین میں واضح لکھا ہے، عمران خان نے بھی تقرریاں کیں کیا انہوں نے کسی سے مشاورت کی تھی؟۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا مفتاح اسماعیل نے معیشت کوبچایا، اسحاق ڈاراس کام کو آگے لیکر چلیں گے، حالات درست کرنے کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، 4 سال میں عمران خان نے جو حالات پیدا کیے ان کو سنبھالنا مشکل ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا عمران خان جس طرح حکومت میں آئے تھے وہ سارا پاکستان جانتا ہے، انہیں الیکشن چوری کرکے لایا گیا تھا، ہمارے ملک کی تاریخ بڑی تلخ تاریخ ہے اور پاکستان میں تاریخ بار بار خود کو دہراتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا پی ٹی آئی کے دو رہنماؤں کو ثبوت کی بنیاد پر گرفتارکیا گیا ہے۔دونوں کے اکاؤنٹس میں باہر سے چیریٹی کی مد میں پیسے آئے تھے جس پر ان کے خلاف تحقیقات کے بعد کیس بنایا گیا۔

Post a Comment

0 Comments