Ticker

6/recent/ticker-posts

عام انتخابات آئین کے مطابق وقت پر ہی ہوں گے، وفاقی حکومت کا اعلان


 اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر قبل ازوقت انتخابات کا فیصلہ ہوا تو حکومت خود کرے گی، انتخابات آئین کے مطابق اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔

وفاقی وزرا کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ مسلم لیگ ن آئین اور قانون کا احترام کرتی ہے، ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم ساڑھے تین سال دنیا کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے، اب بڑی حد تک بہتر ہوگئے ہیں۔

وزیر دفاع نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیرونی دوروں کو سود مند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ساڑھے 3 برسوں میں خراب ہونے والا ملکی تشخص اب بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین چار ماہ میں وزیراعظم نے عالمی سربراہان سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ قازقستان نہایت اہم اور کامیاب رہا، 2 ماہ میں وزیراعظم کی 40 ممالک کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز اور اس سے پہلے مریم نواز کی بریت کے حوالے سے چند حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے تو ہم نے پچھلے 4 سے 5 سال میں اپنے قول اور فعل سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے عدلیہ کے نظام کی خلاف ورزی نہیں کرنا چاہتے اور ان کا احترام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی جانب سے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے لے کر اب تک وزیراعظم کی حیثیت سے شہباز شریف عدالتوں میں پیش ہور ہے ہیں اور یہ فیصلے عدالتوں نے دیے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے گوگی کی طرح دفتروں میں بیٹھ کر نہیں ہوئے یا دفتروں میں بیٹھ کر احتساب کمیشن بند نہیں کیا گیا، بی آرٹی، مالم جبہ یا بلین ٹری سونامی کی طرح کیسز بند نہیں کیے اور ہم پورے عمل سے گزرے اور جیلوں میں گئے اور پھر ضمانتیں ہوئیں، اب عدالتی ریلیف ملنے پر عمران خان شور کررہے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments