Ticker

6/recent/ticker-posts

منڈی بہاوالدین کی جیل میں پیسے دو اور مرضی کی سہولت پاؤ


 منڈی بہاؤ الدین کی جیل میں ہر کام اور ہر سہولت کا ریٹ فکس ہے، پیسے دیں اورمرضی کا کام کروائیں۔

صوبائی انٹیلیجنس سینٹر کی خفیہ رپورٹ نے منڈی بہاؤالدین کی جیل کے حوالے سے ہوشربا انکشافات کیے ہیں، جس کے مطابق جیل میں نوٹ دکھاؤ اور مرضی کا کام کراؤ کا قانون ہے۔

رپورٹ کے مطابق جیل میں کرپشن کا بازار گرم ہے، اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کا من پسند جیل سپرٹنڈنٹ ماہانہ لاکھوں روپے کمارہا ہے۔

جیل میں ہر کام اور ہر سہولت کا ریٹ فکس ہے، پیسے دیں اورمرضی کا کام کروائیں، اور صوبائی انٹیلیجنس سینٹر رپورٹ میں اس سارے دھندے میں ملوث سپرٹنڈنٹ جیل اور ڈپٹی سپرٹنڈنٹ جیل دونوں کرپٹ افسر قرار دیئے گئے ہیں، جن کی نگرانی میں 50 لاکھ روپے تک کی رشوت وصول کی جاتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قیدیوں کو اچھے کمرے دینے کیلئے10 سے 15ہزار روپے لیے جاتے ہیں، اور خود جیل ملازمین من پسند ڈیوٹی لگوانے کیلئے افسران کو 5 ہزار روپے دیتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ ملازمین 15سے 20 ہزار روپے دے کر اپنی غیرحاضری کو حاضری میں تبدیل کروادیتے ہیں، جب کہ جیل میں کرپشن کیخلاف بولنے والے قیدیوں کو سخت نتائج بھگتنا پڑتے ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سپرنٹڈنٹ جیل ٹیپو سلطان رشوت کا آدھا حصہ خود رکھتا ہے اور آدھاعملے میں تقسیم کر دیا جاتا ہے، جب کہ ڈپٹی سپرنٹڈنٹ جیل رانا شمشاد بھی کرپٹ افسر ہیں۔

رپورٹ میں جیل سپرٹنڈنٹ کے خلاف جوڈیشل انکوائری کی تجویز دی گئی ہے۔

Post a Comment

0 Comments