Ticker

6/recent/ticker-posts

پنجاب میں کروڑوں کا فراڈ؛ جائیداد منتقلی پر ٹیکس وصولی کا ریکارڈ غائب

 لاہور: پنجاب میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ صوبے میں جائیداد منتقلی پر ٹیکس وصولی کا ریکارڈ غائب پایا گیا۔

صوبے کے 9 ڈویژنز میں 20 کروڑ سے زائد کا فراڈ منظر عام پر آ گیا، جس کے مطابق پنجاب بھر کی رجسڑی برانچوں میں جائیدادوں کی منتقلی پر ٹیکس وصولی کا ریکارڈ غائب ہے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے اسپیشل آڈٹ کروانے کے احکامات جاری کردیے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کی رجسٹری برانچوں سے 55 ہزار 441 رجسٹریوں کا ریکارڈ غائب ہے۔  25 ہزار 441 رجسٹریوں کا ریکارڈ تحقیقاتی مراحل میں مل گیا جب کہ 30 ہزار رجسٹریوں کا ریکارڈ تاحال غائب ہے۔

جائیداد منتقلی کا ٹیکس ریکارڈ غائب ہونے کے معاملے میں فیصل آباد  پہلے اور ملتان ڈویژن دوسرے نمبر پر ہیں۔فیصل آباد ڈویژن میں 37860 رجسٹریوں کاریکارڈ غائب  تھا، تاہم 13 ہزار رجسٹریوں کا ریکارڈ مل گیا اور 24 ہزار سے زائد رجسٹریوں کے ریکارڈ کی تلاش جاری ہے۔

ملتان ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد رجسٹریوں کا ریکارڈ غائب   تھا ۔ بعد ازاں ابتدائی تحقیقات میں 7 ہزارفائلیں مل گئی اور 3 ہزار 685  کی تلاش جاری  ہے۔

معاملے میں سب سے کم ساہیوال ڈویژن  میں صرف 4 فائلیں غائب ہیں۔ لاہور ڈویژن میں ایک ہزار610 رجسٹریوں کی فائلیں غائب تھیں اور اب 353 فائلیں تاحال غائب ہیں۔.

گوجرانوالہ ڈویژن میں 1979 رجسٹریوں کا ریکارڈ غائب تھا، جو اب 81 رہ گیا ہے۔ راولپنڈی ڈویژن میں 643 رجسٹریوں کی فائلیں غائب تھیں، جن میں سے  کچھ ملنے کے بعد اب 472 فائلوں کی تلاش جاری ہے۔

سرگودھا ڈویژن میں 1257 میں سے 549 فائلوں کی تلاش جاری ہے۔ بہاولپور ڈویژن ،875 میں سے639فائلوں کی تلاش جاری ہے۔ ڈی جی خان ڈویژن میں 599 فائلوں میں 34فائلیں تلاش کی جارہی ہیں۔

ممبر ٹیکس بورڈ آف ریونیو طارق قریشی کی نشاندہی پر  سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے ایکشن لے لیا ہے۔ طارق  قریشی کے مطابق فیصل آباد اور ملتان ڈویژن میں اسپیشل آڈٹ کا کام جاری ہے۔

 

Post a Comment

0 Comments