Ticker

6/recent/ticker-posts

سیلاب متاثرین بس کے ذریعے واپس جارہے تھے، 20 سے زائد زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ


 کراچی حیدر آباد سپر ہائی وے پر مسافر بس میں آگ لگ گئی، واقعے میں 17 افراد جھلس کر جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے، مرنے والے سیلاب متاثرین تھے جو کراچی سے واپس خیرپور ناتھن شاہ جارہے تھے، زیادہ تعداد بچوں کی ہے، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

پولیس کے مطابق کراچی حیدر آباد سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب مسافر بس میں آگ لگ گئی، واقعے میں کم از کم 17 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس سیلاب متاثرین کو لے کر کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جارہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں اور پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے اور جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پارلیمانی سیکریٹری صحت قاسم سومرو کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدر آباد اور جامشورو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جھسل کر زخمی ہونیوالوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آگ سے زیادہ متاثر مسافروں کو کراچی منتقل کیا جائے گا، جاں بحق افراد میں زیادہ تعداد 2 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کی ہے۔

سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس جامشورو فرحان علی نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ موٹر وے پولیس نے گزشتہ دس روز سے مسافر گاڑیوں کے ایمرجنسی ایگزٹ ڈور سے متعلق مہم چلا رکھی تھی، جن گاڑیوں میں ایمرجنسی گیٹ نہیں تھے ان کے چالان کئے جارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے واقعے میں ایمرجنسی گیٹ موجود اور فعال تھا، جس کی وجہ سے بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا، گاڑی میں 50 سے زائد افراد سوار تھے۔

واقعے سے متعلق فرحان علی نے بتایا کہ آگ اے سی والے حصے میں لگی، جو پوری گاڑی میں پھیل گئی۔

حادثے کا نشانہ بننے والے سیلاب متاثرین ڈیڑھ ماہ سے گلشن حدید میں مقیم تھے جو آج واپس اپنے گھروں کو جارہے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری کا نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ نے نوری آباد کے قریب مسافر کوچ میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اور ایس پی جامشورو کو متاثرین کی مدد کرنے اور انتظامیہ کو جائے وقوعہ پر ایمبولینس بھیجنے کی ہدایات کردی۔

مراد علی شاہ نے زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کرنے اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہر قسم کے تعاون کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے انسانی جانوں ے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کراچی حیدرآباد موٹر وے پر بس میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو سے تفصیلات کرلیں، انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ ریسکیو عمل کو تیز کرکے انسانی زندگیوں کو بچایا جائے، زخمی مسافروں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

چیف سیکریٹری نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے مسافر کوچ کی فٹنس کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی، سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ صوبے میں چلنے والی مسافر بسوں کی فٹنس کا معائنہ کیا جائے۔

Post a Comment

0 Comments