Ticker

6/recent/ticker-posts

پی آئی اے کا ایک اور ملازم کینیڈا پہنچ کر پُراسرار طور پر غائب ہوگیا


  کراچی: پاکستان سے روانہ ہونے والی بین الاقوامی پروازمیں ڈیوٹی پر مامور پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے کے بعد پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔

قومی ایئرلائن کے ذرائع کے مطابق فضائی میزبان اعجاز علی شاہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے کینیڈا پہنچا تھا اور 16 اکتوبر کو پرواز پی کے 782 کے ذریعے اسے واپس اسلام آباد روانہ ہونا تھا تاہم وہ ٹورنٹو ائیرپورٹ سے پر سرار طور پر غائب ہوگیا۔

فضائی میزبان کے ڈیوٹی پر نہ پہنچنے پر پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین بارڈر سیکورٹی فورس کو اطلاع کر کر کے اُس کے خلاف ضابطے کی کارروائی کا آغاز بھی کردیا ہے۔

قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق 2 سالوں کے دوران کینیڈا پہنچ کر فرار ہونے والے 7ملازمین کوملازمتوں سے برخاست کیا جاچکا ہے، ان میں 3خواتین فضائی میزبان بھی شامل ہیں،تمام ملازمین کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق ٹورنٹو جانیوالی پروازوں پر ڈیوٹی دینے والے تمام فضائی عملے سے ڈکلیئریشن لیا جاتا ہے،ٹورنٹو پہنچنے پر فضائی میزبانوں کو پاسپورٹ اسٹیشن منیجر کے پاس جمع کرانا لازمی ہوتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ فلائٹ اسٹیورڈ اعجاز علی شاہ کیخلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہے، انکوائری مکمل ہونے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہونے پر محکمانہ کارروائی کے دوران اس کو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا،فلائٹ اسٹیورڈ اعجاز علی شاہ پیپلز یونٹی سی بی اے یونین کا رہنما بھی ہے۔

Post a Comment

0 Comments