Ticker

6/recent/ticker-posts

سوات اور لوئر دیر میں اسکول کے بچوں پر فائرنگ، دہشت گردی یا ذاتی دشمنی؟


 خیبرپختونخوا کے اضلاع سوات اور لوئر دیر میں اسکول جانے والے بچوں پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4 بچے زخمی ہوگئے جبکہ ایک وین کا ڈرائیور حملہ آوروں کی فائرنگ سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق سوات کے علاقے گلی باغ میں اسکول وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک طالب علم زخمی ہوگیا جبکہ وین ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے زخمی بچے کو ٹی ایچ کیو اسپتال خوازہ خیلہ منتقل کر دیا، زخمی بچے کا تعلق چترال جبکہ ڈرائیور کا تعلق سوات سے تھا۔

پولیس حکام کے مطابق تحصیل چارباغ کے علاقہ ولی آباد میں اسکول وین پر فائرنگ میں جاں بحق ڈرائیور حسین احمد کا تعلق گلی باغ سے تھا جبکہ ایک زخمی بچے کو بروقت طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا گیا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق جاں بحق ڈرائیور نجی اسکولز کی پک اینڈ ڈراپ ڈیوٹی پر مامور تھا، حسب معمول سوات پبلک اسکول کے بچو ں کو اُتار کر دوسرے بچوں کو اسکول پہنچا رہا تھا، سوزوکی میں اسکول کے تقریباً 10/11 بچے موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق سوزوکی واقعے کے مقام پر پہنچی تو وہاں پہلے سے تاک میں بیٹھے نامعلوم شخص نے سامنے سے فائرنگ کی، جس سے سوزوکی ڈرائیور حسین احمد ولد عنایت الرحمان جاں بحق ہوگیا جبکہ فرنٹ سیٹ پر موجود بچوں میں سے ایک طالب علم فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوا۔

دوسری جانب لوئر دیر میں تیمر گرہ کے قریب فائرنگ کی زد میں آکر نجی اسکول جانے والے 4 بچے زخمی ہوگئے، ریسکیو اہلکاروں نے زخمی بچوں کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تیمرگرہ منتقل کردیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔


پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کا واقعہ کیخلاف احتجاج

سوات واقعہ کیخلاف جاں بحق ڈرائیور کے لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے مینگورہ نشاط چوک میں مظاہرہ کیا۔

پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس قسم کے واقعات کو ان کی ناکامی قرار دیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت سوات کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے سمیت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے۔

صدر پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن ثواب خان کا کہنا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا اور کل (منگل کو) سوات بھر میں تمام نجی اسکول احتجاجاً بند رہیں گے۔

مقتول کے بھائی اسرار احمد نے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ دشمنی نہیں تھی، میرا بھائی گاڑی چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتا تھا، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ بھائی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

Post a Comment

0 Comments