Ticker

6/recent/ticker-posts

ضمنی انتخابات؛ عدم تعاون ڈی پی او چارسدہ کیخلاف کارروائی کی ہدایت


 الیکشن کمیشن نے چار سدہ میں ضمنی انتخابات کے دوران عدم تعاون ڈی پی او کیخلاف کارورائی کی ہدایت کردی۔

این 24 چارسدہ سمیت قومی اسمبلی کے 9 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں کل 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات شیڈول ہیں، تاہم الیکشن کمیشن کے مطابق ڈی پی او چارسدہ اس حوالے سے تعاون نہیں کررہے۔

ضمنی انتخابات میں عدم تعاون پرالیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد خان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ ڈی پی او سيکیورٹی معاملات میں انتخابی عملے سے تعاون نہیں کررہا۔

چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ ڈی پی او چارسدہ نے حلقہ این اے 24 میں ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی عملے سے تعاون کیا نہ ہی پولنگ سامان کی ترسیل کے دوران مناسب سیکورٹی فراہم کی۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کی سیکيورٹی کو فول پروف بنانے کيلئے فوری ہدایت جاری کی جائے، اور مذکورہ افسر کو عدم تعاون پر وارننگ بھی جاری کی جائے۔

سيکرٹری اليکشن کميشن نے خط میں کہا ہے کہ سیکيورٹی کی عدم فراہمی پر ڈی پی او کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کريں گے، ڈی پی او نے پولنگ سامان کی ترسیل کے دوران مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی، جب کہ استفسار پر ڈی پی او نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سے نامناسب رویہ اختیار کیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے خط میں کہا ہے کہ آئی جی خیبر پختونخوا ڈی پی او کے خلاف ضروری کارروائی کریں، اور انتخابات کے پُرامن انعقاد کيلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

دوسری جانب سماء سے بات کرتے ہوئے ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد خان کا کہنا تھا کہ صبح کے وقت الیکشن عملے اور پولیس کے مابین کوئی غلط فہمی ہوئی تھی، تاہم بعد میں معاملہ حل ہوگیا۔

سہیل خالد خان نے کہا کہ الیکشن کے لئے نفری بھیج دی گئی ہے، اور کل ہونے والے ضمنی انتخابات میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے مکمل تعاون کیا جائے گا۔

Post a Comment

0 Comments